دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ پشاور زلمی نے لاہور قلندر کو شکست دے دی۔ پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر لیوک رونکی کو آؤٹ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کی بنیادیں ہلادیں۔اسی اوور کی آخری گیند پر شاداب خان بھی بغیر کوئی رن بنائے سہیل تنویر کا شکار بنے ۔رضوان حسین 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔کیمرون ڈیلپورٹ نے 19 رنز بنائے ۔حسین طلعت برق رفتار 30 رنز بناکر بولڈ ہوگئے ۔آصف علی نے تیز رفتار 36رنز بنائے ۔ وین پارنیل نے 41رنز بنائے ۔اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے ۔جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور پہلے ہی اوورز میں سمت پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ ریلی روسو10رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔اس کے بعد شین واٹسن نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر برق رفتاری کے ساتھ 62 رنز کی شراکت قائم کی۔عمر اکمل 44 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے ۔شین واٹس نے اپنے روایتی کھیل جو جاری رکھتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ 67 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور ایونٹ میں ٹیم کو دوسری فتح سے ہمکنار کیا۔آسٹریلوی آل راؤنڈر نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی۔یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ شین واٹسن 28 کے سکور پر محمد سمیع کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے ، تاہم باؤلر کا پاؤں وکٹ پر لگنے کی وجہ سے یہ گیند نوبال قرار دی گئی۔دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے بہت فائدہ مند رہا۔پشاور زلمی کے حسن علی ابتدا سے ہی لاہور قلندرز پر قہر بن کر برسے اور ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔حسن علی نے 14 کے مجموعے پر 6، 6 رنز بنانے والے فخر زمان اور سہیل اختر کو آؤٹ کیا، اس کے بعد 37 کے اسکور پر 14 رنز بنانے والے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔صرف 2 رنز بعد حسن علی نے برینڈن ٹیلر کو بھی بولڈ کرکے پویلین بھیج کر لاہور قلندرز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔حسن علی کے بعد وہاب ریاض لاہور قلندرز کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور جنہوں نے 3 وکٹیں لے کر 78 رنز پر لاہور قلندرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپننگ بلے باز کامران اکمل کو قلندرز کے شاہین آفریدی نے اپنی تیز باؤلنگ سے پریشان کیا اور انہیں صفر پر بولڈ کردیا۔دوسرے اوور میں حارث رؤف نے دوسرے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے زلمی کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ایسے میں عمر امین نے 61 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلتے ہوئے پشاور کو ایونٹ کی پہلی کامیاب دلوائی۔پشاور زلمی نے 79 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 11ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔یاد رہے کہ سپر لیگ میں لاہور قلندرز کا یہ دوسرا کم ترین سکور ہے اس سے قبل بھی لاہور قلندرز نے 58 سکور پر آؤٹ ہو کر لیگ کا کم ترین سکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔