کراچی ( سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل 6 کے 11ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، تین وکٹیں حاصل کرنے پر شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ،فتح کے بعد لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھدوسرے اور کراچی کنگز 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی۔ لاہور قلندرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے ۔ بابراعظم 5، جو کلارک4، کپتان عماد وسیم صفر، کرسچن 27، وقاص مقصود 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ اوپنر شرجیل خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر چار چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 64 جبکہ محمد نبی نے 57 رنز بنائے ۔ لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ احمد دانیال، حارث رؤف، ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔فخر زمان نے 83، سہیل اختر صفر، جو ڈینلے صفر،محمد حفیظ 15 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے ، اس کے بعد بین ڈنک اور ڈیوڈ ویزے نے ٹیم کو سہارا دیا، ڈیوڈ ویزے نے عامر کی دھنائی کردی اور عامر سے ایک اوور میں 20 رنز وصول کرلیے ۔بین ڈنک57 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ ڈیوڈ ویزے نے صرف 9 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 31 رنز بنائے ، محمد عامر ، وقاص مقصود، ڈینئل کرسچین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔