لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پنجاب میں پی ایم ایس اور پی اے ایس کے مابین تنازع پھر کھڑا ہو گیا ۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم سے ملاقات کے لئے وقت مانگ لیا۔ذرائع کے مطابق صدر پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط ارسال کیا ہے جس میں پی اے ایس (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس )پر صوبائی سیٹوں پر غیر قانونی قابض ہونے کا الزام لگایا گیا ہے ۔خط میں سول سروس اصلاحات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا گیاہے کہ پی اے ایس افسران پنجاب میں 715سیٹوں پر غیر قانونی قابض ہیں لیکن پی اے ایس افسران نے پی ایم ایس افسران کو وفاق میں کوئی سیٹ نہیں دی۔ذرائع نے بتایا خط کے متن کے مطابق پی اے ایس افسران وفاق کے ملازم ہونے کے باعث وزیراعلیٰ بھی ان کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے ، پی اے ایس افسران پر پنجاب میں پوچھ گچھ نہ ہونے کے باعث گورننس متاثر ہو رہی ہے ۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی اے ایس جونیئر افسران غیر قانونی طور پر سینئر عہدوں پر تعینات کئے جاتے ہیں۔وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر احکامات جاری کئے اور جیسا کہ صوبوں میں 1؍1فارمولے کے تحت افسران تعینات کئے جاتے ہیں، اسی فارمولا کے تحت تعیناتیاں یقینی بنائی جائیں۔