لاہور(بابر علی)پی ایچ اے لاہور کے فیلڈ سٹاف اور افسرا ن کی گئی گاڑیوں کو جاری ہو نے والے فیول میں مبینہ خورد برد ، اعلیٰ حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پارکس اینڈ پارٹی کلچر اتھارٹی لاہور کی جانب سے مجموعی طور پر 272سے زائد گاڑیاں فیلڈ سٹاف اور افسران کے حوالے کی گئی ہیں، ان گاڑیوں کو جاری ہو نے والے فیول کے بارے میں اعلیٰ حکام کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ان میں خورد برد کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، متعدد گاڑیاں استعمال میں نہ ہو نے کے باوجود ان کے نام پر باقاعدگی سے فیول جاری کیا جا رہا ہے ، جس پر پی ایچ اے لاہور کے اعلیٰ حکام نے معاملے کی تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں ۔ اس وقت پی ایچ اے کے فیلڈ سٹاف کے پاس 28واٹر لاریاں ، 92ٹریکٹر،17ٹرک، 1لوڈر، 1ٹری ٹرانسپلانٹر، 1ایکسیویٹر،زون 1کے پاس 15، زو ن 2کے پاس 12، زون 3کے پاس 17، زون 4کے پاس 21، زون 5کے پاس 19، زون 6کے پاس 4اور زون 7کے پاس 4، شعبہ مارکیٹنگ کے پاس 4، پراجیکٹ ڈائریکٹر کینال روڈ کے پاس 8، پراجیکٹ ڈائریکٹر مال روڈ 3، پراجیکٹ ڈائریکٹر فیروز پور روڈ 11، شعبہ انجینئر نگ کے پاس 1، جیلانی پارک 9، گلشن اقبال پارک 1، گریٹر اقبال پارک میں 3 گاڑیاں ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے فیول میں خورد برد کے حوالے سے پی ایچ اے کے ایک ڈائریکٹر ظریف اقبال ستی نے بھی ڈائریکٹر جنرل غلام فرید سے ملاقات کی ہے ، جس کے بعد انہوں نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ اس مد میں سپر وائزر حنیف کی سربراہی میں کمیٹی کو سات روز میں گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کر نے کا حکم دیا گیا۔