سیالکوٹ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)قومی ائیر لائن پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا، ہیڈ آف سیکیورٹی امور ائیر کمو ڈور شا ہد قادر سمیت PIAکے دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ صدر سیالکوٹ چیمبر محمد اشرف ملک نے کہا کہ ادارے کی بحالی کیلئے ائیر مارشل صاحب نے انتہائی مختصر وقت میں لائق صد تحسین خدمات سر انجام دی ہیں۔صدر چیمبر نے سیالکوٹ سے Scandinavianممالک کیلئے براستہ فرینکفرٹ اور سیالکوٹ سے براہ راست برمنگھم سمیت مزید یورپین ممالک کیلئے بھی فلائٹس آپریشن کے اجراء ، سیالکوٹ تا کرتار پور جانے والی سڑک کی دو رویہ تعمیر کیلئے اثر و رسوخ کے استعمال ،پی آئی اے کی جانب سے سیالکوٹ میں ہوٹل کی تعمیر اور چیمبر ممبران کیلئے بین الاقوامی ائیر ٹکٹس میں رعایت کیلئے پی آئی اے اور چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالہ سے اپنی گزارشات بھی پیش کیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے صد ر و چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ یورپ کے دیگر ممالک کیلئے بھی سیالکوٹ سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کے حوالہ سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرس روڈ سیالکوٹ پر پی آئی اے کے پاس زمین موجود ہے جہاں ہوٹل تعمیر کیا جا سکتا ہے ۔ صدر پی آئی اے نے کہا کہ بہت جلد پی آئی اے کا ایک وفد سیالکوٹ چیمبر اور پی آئی اے کے درمیان چیمبر ممبران کیلئے ائر ٹکٹس پر رعایت کے سلسلہ میں ضروریMoUکے حوالہ سے سیالکوٹ چیمبر کا دورہ کرے گا۔