لاہور،کویت سٹی (نامہ نگار ،ایجنسیاں)پی آئی اے نے عیدالفطرپر فضائی مسافروں کی خوشیوں کودوبالاکرنے کیلئے پی آئی اے کی تمام اندرون ملک پروازوں پر سامان کی حد 20 کلو فی مسافر سے بڑھا کر 35 کلو کردی ہے ،اب مسافر عید کی چھٹیوں کے دوران زیادہ سامان لے جاسکیں گے ۔سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کا کہنا ہے کہ زیادہ سامان لے جانے کی حد بڑھانا ہم وطنوں کی عید کی خوشیوں کو بڑھانے کیلئے پی آئی اے کی طرف سے تحفہ ہے ۔ادھرکویت میں پھنسے 262 پاکستانی 2 پروازوں کے ذریعے ملتان پہنچ گئے ۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کویت سے آنے والی پہلی پرواز کے ذریعے 128 مسافر ملتان پہنچے ،ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کویت سے آنے والی دوسری پرواز کے ذریعے 134 مسافرملتان پہنچے ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملتان پہنچنے والے مسافروں کو قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا ۔ادھرسول ایوی ایشن ڈویژن نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں اور پاکستان میں پھنسے ہوئے غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لئے غیر ملکی خصوصی پروازوں کو حکومتی اقدامات کے تحت پاکستان میں لینڈ کرنے کی اجازت دے دی ۔سول ایوی ایشن لاہور نے عمان ایئرلائنز کی ایک مسافر پرواز کو 22 مئی کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ عمان ایئرلائنز کی یہ پرواز مسقط سے عمان میں پھنسے ہوئے 289پاکستانیوں کو لیکر لاہور پہنچنے گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 22 مئی کو اسلام آباد سے کوالالمپور ، بارسلونا ،23 مئی کومیلان ،29 مئی کواوسلو کے لئے ،27 مئی کو لاہور سے فرینکفرٹ ،28 مئی کو ٹورنٹو کے لئے پرواز روانہ ہو گی جبکہ برطانیہ کے شہروں لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کیلئے بھی اسلام آباد اور لاہور سے پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔