لاہور،ملتان ( کارس رپورٹر، خبر نگار ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے ،اپوزیشن نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں ، پی ڈی ایم کو اب انتشار کی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم اور اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض، خرم شہزاد اور رضا نصر اﷲ گھمن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے اراکین قومی اسمبلی کو ان کے حلقوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے ، جلد فیصل آباد اور اٹک کا دورہ کروں گا، تحریک انصاف کی حکومت نے سابق دور کی خرابیوں کو درست کیا ہے ، ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کر کے ملک و قوم سے ظلم کیا گیا، تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنا اصل مقام حاصل کرے گا، عوام میں منفی سیاست کرنے والوں کی ساکھ ختم ہوچکی ہے ،اپوزیشن نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں،پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے ، پی ڈی ایم کو اب انتشار کی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ این سی او سی کی ویڈیولنک میٹنگ کے فوری بعد محلہ امیرآباد میں ڈی ایچ ڈی سی کورونا ویکسی نیشن سنٹرپہنچے اور سنٹر پر بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت کورونا کی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ملتان سے ویڈیولنک اجلاس ہواجس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عثمان بزدار نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، انتظامی و پولیس افسران عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صحافی سہیل عبدالناصر کی وفات اورسلیم بخاری کی اہلیہ کے انتقال پر بھی اہل خانہ سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔