لاہور(احتشام الحق) پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں حصہ لینے والی چھ فرنچائز کے مالکان اور آفیشلز نے ایونٹ کے تمام میچ پاکستان میں لانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پی ایس ایل شروع کرنے کا مقصد حقیقی معنوں میں حاصل ہو سکے گا جب دنیا بھر سے آئے ہوئے غیر ملکی کھلاڑی پاکستانی شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلیں گے اور اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹاپ سٹارز کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھ کر سیکھنے کا موقع ملے گا ۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کی رنگ رنگ تقریب میں فرنچائز کے مالکان اور آفیشلز آئے تو انہیں ریڈ کارپٹ ویلکم کیا گیا۔ لاہور قلندرز کے اونر فواد رنا نے کہا کہ وہ جس مقصد کے لئے اکٹھے ہوئے تھے وہ آج پورا ہو رہا ہے اور اس سال ایونٹ کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں۔