لاہور(احتشام الحق)پاکستان کرکٹ بورڈ حکام میں اختیارات کی جنگ کا آغاز ، بورڈ کے بڑوں میں اختلافات بڑھنے لگے ، ذرائع کا دعوی ہے کہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اعلی حکام سے ناراض ہیں اور چھٹیوں پر چلے گئے ہیں، پی سی بی ترجمان نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ سبحان احمد معمول کے مطابق دو ہفتوں کی چھٹیوں پر ہیں اور ایک ہفتہ بعد دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی او او سبحان احمد اختیارات کم ہونے کے باعث بورڈ سے نالاں ہیں ۔بورڈ کے نئے آ ئین کے مطابق چیئرمین کے بعد تمام تر اختیارات بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان کے چلے گئے ہیں جبکہ کئی سالوں سے پی سی بی میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دینے والے موجودہ سی او او سبحان احمد کی پوسٹ اب واجبی سی بن کر رہ گئی ہے ۔بلکہ اب ایم ڈی کے پاس بعض معمالات میں چیئرمین پی سی بی سے بھی زیادہ اختیارات آ گئے ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ کرکٹ بورڈ کے عہدایدران کی سبحان احمد کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ سبحان احمد گزشتہ ایک ہفتے سے دفتر نہیں آ رہے ۔ تاہم سبحان احمد کے معاملہ پر پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور سبحان احمد کے درمیان اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں اور افواہوں کو ہوا دی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سبحان احمد دو ہفتوں کی چھٹی لے کر گئے ہیں جس میں سے ایک ہفتہ گزر گیا ہے جبکہ وہ مزید ایک ہفتہ چھٹی گزارنے کے بعد واپس آ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ۔