لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے اچیومنٹ ایوارڈز کا اعلان کر دیا، ایک انڈیپنڈنٹ جیوری آٹھ مختلف کٹیگریز کے لیے کھلاڑیوں کی کیلنڈر ایئر 2020 میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد 31 دسمبر کو ناموں کو شارٹ لسٹ کرے گی، ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان یکم جنوری کو کیا جائے گا۔ باصلاحیت کھلاڑیوں کے علاوہ امپائر آف دی ایئر، اسپرٹ آف کرکٹ اور کارپوریٹ اچیومنٹ آف دی ایئرایوارڈ بھی دیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہناہے کہ یہ ہم سب کے لیے یہ ایک مختلف سال تھا مگر خوشی ہے کہ نہ صرف ہم نے اس سال کے لیے اپنے ڈومیسٹک سیزن کا اعلان کیا بلکہ اب تک اسے 70 فیصد تک کامیابی سے منعقد بھی کرچکے ہیں۔