لاہور(احتشام الحق) پاکستان کرکٹ بورڈ نے یو ٹرن لیتے ہوئے کلبز کے ماڈل آئین میں تبدیلی کرتے ہوئے کسی سیاسی بیک گراؤنڈ رکھنے والے افراد کو کلبز کا عہدیدار بننے کی اجازت دے دی ہے ۔پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کرکٹ کلبز کے انتظامات چلانے کے خواہشمند افراد کی حوصلہ افزائی کی غرض سے ماڈل آئین برائے کرکٹ کلبز میں ترمیم کر دی ہے ۔ آئین سے آرٹیکل8.2 (e)کو حذف کردیا گیا ہے ۔ اس آرٹیکل کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت کا منتخب عہدہ دار ، منتخب نمائندہ ، وزیر ، سینیٹر ، ایم این اے ، ایم پی اے ، ناظم ، نائب ناظم ، کونسلر ، ایسا شخص جس نے گزشتہ تین سال کے دوران کوئی جنرل یا لوکل باڈی الیکشن کا انتخاب لڑا ہو یا کسی بھی سیاسی ، مذہبی ، نسلی یا فرقہ وارانہ جماعت کی مالی یا مادی معاونت لی ہو، اگر کوئی بھی عہدیدار اپنے دور میں اس آرٹیکل کی دفعات کی خلاف ورزی کرتا ہے تو وہ نااہل قرار دیا جائے گا۔