لاہور (سورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ڈیوٹی آف کیئر پالیسی کے تحت خواتین کرکٹرز کے لیے تین ماہ کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔ خواتین کرکٹرز کی مالی امداد کی یہ تجویز عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والے ویمنز ونگ نے پیش کی تھی، جسے چیرمین پی سی بی احسان مانی نے منظور کرلیا۔ اس سکیم سے 25 خواتین کرکٹرز مستفید ہوں گی، جنہیں اگست سے اکتوبرتک ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ ان 25 خواتین کرکٹرز کا اعلان کردہ اسکیم کے لیے انتخاب، ان کی جانب سے اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کے بعدکیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ان 25 خواتین کرکٹرز کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیاہے ۔