لاہور( سپورٹس ڈیسک) کافی عرصے سے پاکستانی کرکٹ سے باہر رہنے والے فواد عالم ایک بار پھر پی سی بی کے ریڈار پر آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے فواد عالم کی فٹنس اور پرفارمنس کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کردی ہے ۔ مصباح الحق نے سندھ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ اعظم خان سے فواد عالم کے بارے میں بات چیت کی۔ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ انہیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عنقریب شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شامل کرلیا جائے گا۔ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ کے لیے ابھی تک پاکستانی سکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب فواد عالم نے قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پانچ اننگز میں 160 رنز سکور کیے جس میں ایک سنچری بھی شامل تھی۔فواد عالم نے 2009 ء میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں 168 رنز سکور کیے تھے ۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری ٹیسٹ 2009ء میں نیوزی لینڈ اور آخری ون ڈے 2015 ء میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں کھیلا تھا۔