ملتان(سپیشل رپورٹر، نیوز رپورٹر )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی پی ، ن لیگ دونوں نے ملک کو لوٹ کر بد حال کیا، اپنی تجوریاں بھر کر ملک کو قرض دار کیا، ملکی بجٹ کی ایک خطیر رقم سابقہ ادوار کے قرضوں کی مد میں جا رہی ہے ۔ جس کی بدولت عوام کو صحت، تعلیم ودیگر ضروریات زندگی کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے ، 10 سالوں میں ریکارڈ تعداد میں قرضے لئے گئے جو گزشتہ ساٹھ سالوں کی نسبت ڈبل تھے ، ان قرضوں کی بدولت ملک بدحالی کا شکار اور ترقی کا سفر رکا ہوا ہے ، پاکستان کا باشعور طبقہ 2018ئمیں تحریک انصاف کو ووٹ دیکر اقتدار میں لایا اور انشائاﷲ پاکستان کا باشعور طبقہ اگلی دفعہ بھی تحریک انصاف پر اعتماد کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق یوسی چیئرمین مشتاق تھہیم نے اپنی پوری برادری سمیت پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا عوام نے تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کیا ہے ، ہم بھاگنے والے نہیں، 5سال بعد اپنی کارکردگی کی بدولت عوام کی عدالت میں جائیں گے ، ماضی کی حکومتوں نے دعوے تو بہت کئے لیکن پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ مخدوم شاہ محمود نے کہا شمالی وزیرستان میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی ہے ، شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا ن لیگ کے پاس سیاست کرنے کے لیے نواز شریف کی صحت کے علاوہ کوئی اور ایشو نہیں، لیگی قیادت نواز شریف کی صحت سے متعلق مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔