کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرکا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہوچکی اس لیے ہاتھ پاؤں مارنے کیلئے ایم کیو ایم کو صوبائی وزارتوں کی آفر دی۔عوامی مفاد کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان بار بار کہتے ہیں کہ کراچی کے لیے کچھ کرنا ہے ، انشاء اللّٰہ کراچی کے لیے کچھ کر کے دکھائیں گے ، جو یہاں کے عوام کو نظر آئے گا۔ گورنرہاؤس میں سندھ انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد گورنر عمران اسماعیل اوروفاقی وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبے میں وفاق نے اپنا کام کرلیا صوبے نے کچھ نہیں کیا، کے فورمنصوبے پر وفاق تعاون کرنے کیلئے تیارہے ، ترقیاتی منصوبوں پرآئندہ چندروز میں کام کی رفتارتیزہوگی۔ اسد عمر نے کہا کہ عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن ٹھیک کہتے ہیں کہ 2020ء ترقی اور تبدیلی کا سال ہے ، بلاول اور مولانا نے ترقی نہیں دیکھی، اس سال ترقی ہوگی جو دراصل تبدیلی ہو گی، پیپلز پارٹی کی عوام کے اندر جڑیں کمزور ہو چکی ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ میئرکراچی وسیم اختر کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے ، انہوں نے کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، میئر کراچی بااختیار ہوتے تو زیادہ تیزی سے کام کرسکتے تھے ،اس میں کوئی شک نہیں کہ سندھ حکومت اور ہمارے درمیان شدید اختلافات ہیں ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاق کے فورمنصوبے میں تعاون کے لیے تیار ہے ۔وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کو ٹھیک کر کے اس پر ہیوی ٹریفک چلایا جائے گا۔