لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیہ کار عامرمتین نے کہا ہے کسی بیمار کی تیمارداری اچھی بات ہے لیکن پیپلزپارٹی نوازشریف کی بیماری پر سیاست کررہی ہے کیونکہ جعلی اکائونٹس کے حوالے سے ان کے مقدمات بالکل آخری مرحلے میں داخل ہیں۔پروگرام بریکنگ ویوز ود92 میں میزبان اسداﷲ خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ چاہتے ہیں اس کو سیاسی ایشو بنالیا جائے ،حمزہ شہباز سے زیادہ مایوس سیاست نہیں دیکھی، ان کی کوئی اچھی اورسمجھ دار تقریر نہیں۔پی ٹی آئی نے پی ٹی وی کو بی بی سی بناتے بناتے ایل ایل سی بنادیا،میرا خیال ہے وزیراعظم کو اس معاملے سے جان بوجھ کر بے علم رکھاجارہاہے ،وزیراعظم کو چاہئے سب کو بلاکر حل نکالیں۔تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا یہ کھال بچاؤ، مال بچاؤ اورآل بچاؤ سکیم ہے ،کوئی کہہ رہاہے یہ تین بار وزیراعظم بناہے ، کیا کوئی تین بار حج کرے اورچوری کرے تو پولیس اسے اس لئے چھوڑ دیگی کہ اس نے حج کیا ہے ،نوازشریف کو اﷲ صحت دے ،انہیں علاج کی تمام ترسہولتیں ملنی چاہئیں لیکن جویہ کررہے ہیں وہ نہیں کرناچاہئے ۔پی ٹی آئی میں مشاورت تو اخیرہے ،اب تو اس میں دو تین گروپ بن گئے ہیں،دوسرا سلسلہ قیصریہ چل گیاہے ، پتہ نہیں ایاز صادق نے انہیں کیا پلا دیا، عمران خان بے چارے ہرایک کی بات مان لیتے ہیں۔سینئر اینکر محمد مالک نے کہا سیاست دان کی بیماری اورصحت غیرسیاسی نہیں سیاسی ہوتی ہے ،دونوں خاندان پاورکی سیاست کرتے ہیں،زرداری کو نظر آرہاہے کل کو ہم اگر پھنستے ہیں تو پھر اکٹھے ہوکر کچھ کرینگے ،نوازشریف کی بیماری کا سارا ڈرامہ انہیں سپریم کورٹ سے ضمانت دلوانے کیلئے کیا جارہاہے ،حکومت پیچھے ہٹ گئی ہے ،عمران خان ایک نااہل وزیر اعلی کی وجہ سے ساری قیمت خود چکا رہے ہیں۔