لاہور،بہاولپور(سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مافیاز کی حکومت ہے یہ جھوٹے اور لٹیروں کا گروپ ہے پی ٹی آئی نے مہنگائی اور لوٹ مار میں اضافہ کیایہ حکومت کٹے بکریاں اور مرغیاں تو کیا دیتی یہ حکومت تو انڈے بھی نہ دے سکی، ترقی کے اس دور میں آج بھی چولستان کے انسان اور جانور ایک تالاب سے پانی پیتے ہیں،74 سالوں سے ہر حکمران نے چولستانیوں سے پانی اور تعلیم سمیت سہولیات کا وعدہ کیا جوکہ جھوٹ تھا،۔وہ جے آئی کسان کے زیر اہتمام بہاولپور سے چولستان تک نکالی گئی ' چولستان بچاؤ ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے ان کی اور سابقہ حکمرنوں کی پالیسوں میں کوئی فرق نہیں، پہلے بھی غریب پریشان تھا اور اب بھی ہے ۔ریلی سے امیر العظیم، میاں محمد مقصود سید ذیشان اختر، جام حضور بخش لاڑ،ارسلان خان خاکوانی نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں نے سراج الحق و دیگر قائدین نے سابق امیر ضلع ڈاکٹر محمد اشرف مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کیا اور مرحوم کی دی گئی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کیساتھ جاری ظلم و جبر کے خلاف اورفلسطینی عوام کیساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی پر مبنی تفصیلی قرارداد سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے ۔قرارداد میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعض عناصر کے بیانات اور پروگرامات کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے موقف پر ڈٹ جائے اور کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہ لائے ۔