لاہور،ملتان(خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کیلئے صحت کی سہولیات بہتر بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے ،انہوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں ڈائلیسیز یونٹ کا افتتاح کیا مریضوں کی عیادت بھی کی ،اس موقع پر انہوں نے کہا گردے اور جگر کے مریضوں کیلئے معیاری سہولتیں فراہم کر رہے ہیں،پی کے ایل آئی ڈائلیسز یونٹ 2 میں 36 ڈائلیسیز مشینیں فراہم کی گئی ہیں،مزید 6 آپریشن تھیٹرز وسط اکتوبر تک فنکشنل ہو جائیں گے ،ہسپتال کی عمارت کو رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا،سردار عثمان بزدار پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی ملے اور ان سے طبی سہولتوں کے معیار کے بارے میں استفسار کیامریضوں نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہااساتذہ قوم کے محسن ہیں،اساتذہ کی عزت و احترام کرنے والی اقوام نے ہی دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ ملتان پہنچ گئے آج 10بجے دربار حضرت بہاء الدین زکریا ملتانیؒ کے عرس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونگے ایک بجے اراکین اسمبلی کے ساتھ سرکٹ ہاؤس میں لنچ اور ملاقات کرینگے وزیر اعلی نشتر اسپتال کا بھی دورہ کریں گئے ۔مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت صوبائی وزراء اور مشیران کی مصروفیات کے باعث پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے ، اجلاس کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان پاک سری لنکن کرکٹ سیریز کے بعد کیا جائے گا۔