راولپنڈی ؍اسلام آباد؍پشاور(وقائع نگار خصوصی، صباح نیوز؍ 92 نیوز رپورٹ) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم بذات خود کوئی مسئلہ نہیں ، کچھ افراد غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، یہ افراد دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے جذبات سے دانستہ طور پر کھیل رہے ہیں، آپریشن کے بعد پی ٹی ایم نے جن مسائل پربات کی ،وہ حقیقی اورقدرتی تھے ۔ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کے دورے کے موقع پر طلبہ سے گفتگو کے دوران کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کے دوران آرمی چیف نے کور آڈیٹوریم میں مختلف جامعات کے طلبا سے ملاقات بھی کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا پاکستان ذہین اور قابل نوجوانوں سے مالا مال ہے ، قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں، قربانیوں کے ثمرات سماجی اور اقتصادی ترقی کے ذریعے حاصل کئے جائیں۔آرمی چیف نے کہا ہماری اولین ترجیح سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے دیرپا امن کا قیام ہے ، ہم دشمنوں کے تمام منصوبے ناکام بنا دیں گے ، حکومت اورسکیورٹی فورسزقبائلیوں کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو دیکھ بھال کی ضرورت ہے ۔جنرل قمر باجوہ نے مزید کہا کہ طلبا کسی بھی گمراہ کن پراپیگنڈہ میں نہیں آئیں گے اور ملکی روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر طلبا نے مسلح افواج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اورکہا خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے ،گمراہ کن قوتوں کو شکست ہوگی۔