اسلام آباد( خبر نگار خصوصی ، 92نیوز رپورٹ ، این این آئی)حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کی حمایت میں سفارشات تیار کرلیں،سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اوراستعفوں پر اتفاق کیا ہے جبکہ لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کئے جائیں گے ۔مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پی ڈی ایم کیاسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں سینیٹرمیر کبیر، حافظ حمداللہ، کاشف رندھاوا اور ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی شریک ہوئے ، اجلاس میں لانگ مارچ اور مہنگائی مارچ ،پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا۔سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات آج پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ لانگ مارچ اور استعفوں کے وقت اور تاریخ کا تعین پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کریگا۔ اجلاس مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوگا جس میں نواشریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونگے ۔