ملتان (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر عوام سے جھوٹ بولا اور مدینہ کی ریاست بنانے کا دعوی کرنے والوں نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دیا ،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، غریب کو بجلی کے بلوں سے مارنے کی سازش کی جا رہی ہے ، ہمیں نیا پاکستان نہیں بلکہ خوشحال پاکستان چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہا ر امیر جماعت اسلامی نے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مفاد کی جنگ لڑ رہی، اتحاد میں جمع تمام جماعتوں کو عوام بار بار آزما چکے ، کورونا کے نام پر اربوں روپے حکومت ہڑپ کر چکی ہے ، ویکسین غریب کے بجائے امیروں کو لگائی جارہی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں چینی مافیا اور آٹا مافیا موجود ہیں، آج ہمیں علامہ اقبال اور قائد اعظم کے پاکستان کے لیے اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے ، ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جس میں عدل و انصاف ہو کوئی بھوکا نہ سوئے سب کو صحت اور تعلیم ملے ، امرا کے کتے گوشت کھاتے ہیں مگر زیادہ لوگ یہاں بھوکے سوتے ہیں ، غریب کے بچے ڈگری حاصل کربھی لیں مگر میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے نوکری نہیں ملتی ،ان لوگوں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، جماعت اسلامی آئے گی لوگوں کی تقدیر بدلے گی ،نظام اسلامی کو موقع دیں تاکہ انصاف و حق کا معاشرہ تشکیل دیتے ہوئے دین اسلام کی حکومت آئے - جلسہ عام میں مسیحی وفد نے بھی شرکت کی۔