اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ میں فوج اور دیگر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی پر پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی لگانے کی درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار نے متفرق درخواست جمع کرا دی۔ قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے متفرق درخواست دائرکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف مواد کی روک تھام کا مستقل حل نکالے ۔عدالت نے پی ٹی اے حکام سے کہا کہ قانون اور ضابطہ کار کی پابندی آپ نے کرانی ہے ۔ قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کویت کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ پاکستانی سفیر کا پی ٹی آئی کویت کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کیا کردار ہے ؟ رولز کیا ہیں؟ فاضل جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل کو فریقین سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ ہائی کورٹ نے کار کے رینٹل پاور کیس میں ملزم لئیق احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر نیب کی طرف سے جواب کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 23 جولائی تک ملتوی کر دی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نااہلی کیس میں تحریک انصاف کی 3 خواتین اراکین قومی اسمبلی کنول شوذب ، تاشفین صفدر اور ملیکہ بخاری کے وکلائکو آئندہ سماعت پر دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 24 جولائی تک ملتوی کر دی ہے ۔