کراچی،لاہور ، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 17 اگست سے جاری ہے ، ابتدائی 7پروازوں کے ذریعے 2200 سے زائد حجاج فریضہ حج ادا کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ یہ پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور فیصل آباد پہنچیں۔ کراچی میں سٹیشن منیجر احمد عالم، ڈسٹرکٹ منیجر شعیب احمد شاہ، ڈپٹی جنرل منیجر محمد امجد، مارکیٹنگ منیجر قادر بخش سانگی، لاہور میں اسٹیشن منیجر علی اصغر زیدی، ڈسٹرکٹ منیجر سلیم شاہانی، اسلام آباد میں سٹیشن منیجر پرویز نصیر، ڈسٹرکٹ منیجر فراز احمد اور ڈپٹی جنرل منیجر امجد خان درانی، پشاور میں ڈسٹرکٹ منیجر ابراہیم یوسفزئی، سٹیشن منیجر پشاور شہزاد تیمور جبکہ فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ منیجر قیصر اقبال،سٹیشن منیجر اشفاق اعوان اور پی آئی اے کے سینئر افسران نے حجاج کا استقبال کیا۔وطن واپسی پر حجاج کرام نے پی آئی اے کے انتظامات اور وقت کی باقاعدگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے کی کاوشوں کو سراہا۔ پی آئی اے کے صدر و سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے افسران اور سٹاف کو حجاج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں حج آپریشن 14 ستمبر کو مکمل ہو گا جس میں 290 پروازوں کے ذریعے 82ہزار سے زائد حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔