لاہور(گوہر علی)حکومت کی طرف سے تمام تر یقین دہانیوں کی کے باوجود پی ٹی آئی کا ہمخیال گروپ ختم نہ ہوسکا۔ہم خیال گروپ اچانک غیر معمولی طو رپر متحرک ہوگیا اور پیر کو اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں وزیرا علی کی طرف سے کرائی گئی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں پارٹی کے مزید ناراض ارکان کو شامل کرنے کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گروپ کے اراکین حکومتی یقین دہانیوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ مذکورہ گروپ کے اراکین میں گزشتہ روز مشاورت ہوئی ۔ اس مشاورتی عمل میں گروپ کے بانی رہنما غضنفر عبا س چھینہ، تیمور لالی، میاں شفیع محمد ،سبطین رضا اور دیگر شرمل ہوئے ۔ غضفر عبا س چھینہ نے بتایا ہمارے مطالبات حقائق پر مبنی ہیں ، اجلاس میں مطالبات پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے اور اپنے گروپ میں مزید ارکان شامل کریں گے ۔میاں شفیع نے کہا ہم کسی کیخلاف نہیں لیکن اپنے اختیارات اور حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ایک رات میں اعلی افسران کو تبدیل کرکے تاثر دیاگیا کہ پنجاب میں سب کچھ افسرشاہی کے ہی ہاتھ میں ہے ۔ تیمور لالی نے کہا ہم نے اپنے اختیارات کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے ، ہم کسی صورت ہمخیال گروپ کو نہیں چھوڑیں گے ۔ سبطین رضا نے کہا ہم کسی کیخلاف نہیں مگر ہمارا گروپ موجود ہے ۔ یہ گروپ ارکان اسمبلی کے مطالبات کو تسلیم کرانے کیلئے جدوجہد کررہا ہے ۔