کراچی،سکھر(92نیوزرپورٹ،بیورو رپورٹ) تحریک انصاف سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ بھی نیب کے ریڈار پر آگئے ، ذرائع کے مطابق نیب نے ان کیخلاف 253ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے و غیر قانونی فروخت کی انکوائری شروع کردی۔ اینٹی کرپشن ایسٹ نے گزشتہ برس چیف سیکرٹری سے اندراج مقدمہ کی اجازت مانگی تھی، اینٹی کرپشن کی رپورٹ میں حلیم عادل شیخ ،ان کے بڑے بھائی ،بیٹے ، ڈپٹی کمشنر ملیر اورمحکمہ ریونیوکے دیگر افسران کو بھی ملزم ٹھہرایا گیا تھا۔ نیب حکام نے اینٹی کرپشن سے تحقیقات کی مکمل فائل اور دیگرشواہد طلب کرلئے ۔ادھرنیب سکھر کے حکام نے کراچی اور روہڑی میں چھاپے مارکر سرکاری گندم کی خورد برد میں ملوث دو ملزمان جمعہ خان اور منور علی مہر کو گرفتار کرلیا۔ نیب ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان پر 10 کروڑ روپے کی سرکاری گندم خورد برد کرنے کا الزام ہے ۔