لاہور(میاں رؤف)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے معاملہ پر آئی جی پنجاب سینئر افسروں پر برہم ہوگئے ۔ با وثوق ذرا ئع کے مطابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیرنے پی آئی سی واقعہ پر میڈیا پر ہونے والی تنقید کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس افسروں پر واضح کیا کہ کسی ایک آفیسر کی کوتاہی، غلطی سے صرف اس آفیسر یا ملازم کا نہیں بلکہ پوری پولیس فورس کا امیج خراب ہوتا ہے ۔ پولیس فورس کا امیج بتدریج بناتے رہنا اور عوام میں پولیس فورس پر اعتماد میں اضافہ پولیس ملازمین اور افسروں کا بنیادی اور اولین فریضہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے لاہور کے با اختیار پولیس افسروں سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے معاملہ پر بر وقت فیصلے نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ کسی قسم کا پریشر خاطر میں نہ لائیں۔ جو کوئی بھی قانون کی پاسداری نہ کرے اورقانون شکنی کا مرتکب ہو،اس شخص، گروہ، جماعت، طبقے کیخلاف کارروائی یقنی بنائی جائے اور بر وقت فیصلے کئے جائیں۔