اسلام آباد،لاہور ،فیصل آباد( خبر نگار خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک ، سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،سٹی رپورٹر،ایجنسیاں ) پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں حکومت کیخلاف لانگ مارچ ہوگا۔اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار نے پریس کانفرنس میں فیصلوں سے آگاہ کیا۔میاں افتخار نے کہا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہوگا، مینار پاکستان کو تالاب بنا دیا گیا ، گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں ، لاہور کا جلسہ روکنے کے لیے تمام کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جلسہ لازمی ہوگا، لاہورجلسے میں آئندہ کے شیڈول کااعلان کیاجائیگا ،لاہورمیں حکومت کوشکست فاش دینگے ، استعفے دیئے تو حکومت نہیں چلے گی۔پیپلزپارٹی کی سی ای سی کافیصلہ اعتزازاحسن کوقبول کرنا ہو گا۔ قبل ازیں اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی 3 بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا مشاورتی اجلاس ہوا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا آج ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ آمریت کے مہرے نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے ،حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر حربہ استعمال کرینگے ، ہمارا راستہ روکا گیا تو ہم نیا راستہ بنا لینگے ، چہ مہ گوئیوں سے تحریک کو تقویت ملتی ہے ، اگلے دنوں میں حکمت عملی بھی واضح کریں گے کہ استعفے کس وقت ڈھال بنا کر ان کے سر پر دے مارنا ہے ۔ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں ایک پیج اور ایک سٹیج پر ہیں، ہم تمام پارلیمانی اور جمہوری آپشن استعمال کرینگے ، استعفے بھی اس عمل میں شامل ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ 13 دسمبر کا جلسہ مینار پاکستان پر ہی ہوگا، جلسے کا مقام کسی صورت تبدیل نہیں کرینگے جبکہ پی ڈی ایم قیادت کے حکم پر استعفوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری اور ان کے شو ہر سمیع اللہ ،ظہیر چنڑ، ثانیہ عاشق ،افتخار خان،اختر حسین ، صفدر شاکر ، عادل بخش ،میاں طاہر جمیل، بلا ل فاروق تارڑ ، راحیلہ خادم حسین ، ملک صہیب بھرت، عنیزہ فاطمہ ،حنا پرویز بٹ ، رخسانہ کوثر ، کھیل داس کوہستانی، غلام رضا ربیرہ ، چودھری محمود بشیر ورک،بیرسٹر بلال فاروق تارڑ،جہانگیر خانزادہ بھی عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی ، حسن مرتضیٰ نے پنجاب اسمبلی اور مکھی شام لعل لاسی نے بلوچستان اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا۔ اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی میں پی ڈی ایم کے فیصلے کے پیش نظر اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پراختلافات سامنے آگئے ۔ ذرائع کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، قمرزمان کائرہ اوردیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں بعض پی پی اراکین پارلیمان نے استعفے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ اراکین نے موقف اختیارکیا کہ دوسری جماعت کے دباؤ پراستعفے کا فیصلہ درست نہیں، پی پی کسی جماعت کی خواہش کی تکمیل کے لیے قربانی نہ دے ، پارلیمان میں رہ کر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے ، پارٹی قیادت استعفوں کامعاملہ بطورآخری آپشن رکھے ۔