مکرمی !پاکستان تحریک انصاف کا الیکشن میں نعرہ تھا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میونسپل کارپوریشن کے نمائندگان کو کی جائے گی۔ کسی بھی ایم پی اے یا ایم این اے کا کام نہیں کہ وہ بلدیاتی اختیارات کو اپنے پاس رکھے اور عوام کو ڈیلیور نہ کرے کیونکہ ایم پی ایز اور ایم این ایز کا کام قانون سازی ہے۔ اس منشور پر تحریک انصاف چلی تھی لیکن بدقسمتی سے وہ اپنا وعدہ پورا نہ کر پائی۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی سابقہ حکومت کی ڈگر پر چلتی ہی نظر آتی ہے۔ ماضی کی طرح موجودہ دور حکومت میں بھی بلدیاتی ادارے بحال نہیں ہو سکے۔ پاکستان تحریک انصاف کی خواہش کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ تو منظور ہو گیا لیکن نہ بلدیاتی انتخابات ہوئے اور نہ ہی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کا وعدہ ایفا ہو سکا۔ معاملات تاحال جوں کے توں ہیں۔ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، سیوریج کے مسائل، اور علاقائی سطح پر ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کا منشور یہی تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کر کے اختیارات کونچلی سطح تک منتقل کرکے عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا جس کے ذمہ دار بلدیاتی نمائندگان ہو ں گے ان کو فنڈز کے حصول کیلئے دربدر پھرنا نہیں پڑے گا۔ یہ سب تب ہی ممکن ہو سکے گا جب بلدیاتی نمائندگان بااختیار ہو ں گے۔ بہتر ہو گا کہ حکومت جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کراوئے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرے ۔ (ہارون فیاض، لاہور)