ملتان(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بغیر منزل کا کا رواں ہے ، جس کوااپنی منزل کا نہیں پتہ کہ اسے کس طرف جانا ہے ۔پہلے استعفے دے رہے تھے ‘ پھر لانگ مارچ اور اب تحریک عدم اعتماد۔ پی ڈی ایم کا اتحادکبھی اپنی منزل کو نہیں پہنچے گا، مفادات کی بنیاد پر بننے والا اتحاد کبھی کامیابی سے ہم کنار نہیں ہو سکتا،لیگی رہنما جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔ عوام کے سامنے ان کی اصلیت عیاں ہو چکی ہے ، عوام کا بھاری منڈیٹ رکھنے والی حکومت کو گرانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکتی،اپوزیشن کو یہاں پر بھی مایوسی ہوگی،آئینی مدت پوری کریں گے ،قومی دولت لوٹنے والوں کو کبھی این آر او نہیں ملے گام بلکہ لٹیروں کا کڑا احتساب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز ملتان کے قومی حلقہ این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں 37‘39‘43‘20 میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاسابقہ دور حکومت میں وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو سفارتی محاذ پر کمزور کیا گیا،دوسرے چیلنجز کی طرح سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا پاکستان امریکہ کی نومنتخب جوبائیڈن انتظامیہ کے ساتھ تعلقات میں خاطرخواہ اضافے کے لئے پرامید ہے ، نومنتخب امریکی قیادت سے قریبی راوبط استوار کرنے کے خواہاں ہیں،افغان امن عمل کے حوالے سے نئی امریکی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں، نومنتخب امریکی انتظامیہ کو افغانستان میں جاری عمل مزید آگے لے کر جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا ہماری کوشش ہوگی کرونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین کی دستیابی سب کیلئے ممکن بنائی جائے ۔انہوں نے کہا چین 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کردے گا، مستقبل قریب میں ہماری ضرورت 1.1 ملین ڈوزز کی ہے جس پر چین نے یقین دلایا کہ مطلوبہ مقدار میں ویکسین فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائیں گی،جس پر ہم چینی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے ہاں کین سائینو ویکسین کے ٹرائلز کامیابی سے جاری ہیں ، ہم ٹرائل کی تکمیل کے بعد چین کے تعاون سے پاکستان میں اس ویکسین کی تیاری کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انہو ں نے کہا عوام کو وعدے کے مطابق ڈلیور کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔