لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر مشاورت جاری ہے جس میں طبی پہلوئوں کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی تعداد کا تعین کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنا چاہتا ہے ، ٹریننگ کیمپ میں 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو بلانے کا پلان ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹریننگ کیمپ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت جاری ہے ، اکیڈمی میں کتنے کھلاڑیوں کو بائیوسیکور انتظامات میں رکھنا مناسب ہو گا اس کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔پی سی بی جون کے پہلے ہفتے میں ٹریننگ کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ، کیمپ میں سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ اور ایمرجنگ کیٹگری کے 3 کھلاڑی شامل ہوں گے ، اس کے علاوہ کسی بھی فارمیٹ میں قومی ٹیم کے رکن کو بھی کیمپ میں بلایاجائے گا۔کیمپ میں کھلاڑیوں ، سپورٹ اسٹاف اور متعلقہ لوگوں کو ایک جگہ رکھنا پی سی بی کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔