لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اصلاحاتی ایجنڈا عوام دوست ہے اور اس ایجنڈے کی تکمیل ہمارا مشن ہے کیونکہ اصلاحاتی ایجنڈا مکمل ہونے سے اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا، اسی لئے تحریک انصاف کی حکومت نے اداروں کی استعدادکار بڑھا نے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔رکن قومی اسمبلی محمد خان لغاری سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اداروں کو بہتر بنا کر اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے اور عوام کی خدمت کا سفر مشن سمجھ کر پورا کریں گے ،پنجاب حکومت غیر ضروری اخراجات روکنے کیلئے مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے اور اس اقدام سے غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی،وزیراعلیٰ نے کہا کہ پائیدار ترقی کا سفر پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک لے کر جائیں گے ،جنوبی پنجاب کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے بنا رہے ہیں،عوام کو ریلیف دینے کے لئے شب و روز کوشاں ہیں،وزیراعلیٰ نے خلق خداکے ساتھ صلہ رحمی و حسن سلوک کی ضرورت و اہمیت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد خلق خدا کی بھلائی کی سرگرمیوں کے بارے میں شعور کو عام کرناہے اور آج ہمیں ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرناہے جو اپنی ذات پر خلق خدا کو ترجیح دیتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے قاسم خان سوری اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر عطا فرمائے ۔