کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق میں پی ٹی آئی حکومت کی ایک سال کی کارکردگی بہت مایوس کن ہے اسے لوگوں کیلئے بطور گڈگورننس شمار نہیں کیا جاسکتا اور یہ 12 مہینے صرف حکومت کی جانب سے لوگوں کو زیر کرنے کے طور پر دیکھے گئے جوحکومت جو اپنی آئینی ضروریات کو پورا نہیں کر سکی اس سے لوگوں کی فلاح و بہبود کی کس طرح امید کی جاسکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو’سرسبز سندھ مہم‘کے حوالے سے فریئر ہال پارک میں نیم کا پودا لگا کر شجرکاری مہم شروع کرنے کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا اہتمام صوبائی محکمہ جنگلات نے کیا تھا، پروگرام میں صوبائی کابینہ کے تمام اراکین سمیت سینئر سرکاری افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بڑا ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا اور اس کے حصول کیلئے بھاری ٹیکسز نافذ کیے ، اس سے سرمایہ کار خوف میں مبتلا ہوگئے اور اپنا سرمایہ نکالنا شروع کردیا، اس وجہ سے ملازمیں کی بڑی تعداد بیروزگار ہوگئی، ڈالر اپنے بلند ترین زرمبادلہ کی شرح پر ہے اور پیٹرول کی قیمتیں بھی بڑھادی گئی ہیں لہذا ان تمام وجوہات سے سبزیاں، آٹا، گھی، گوشت اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے اور یہ سب پی ٹی آئی حکومت کی وفاق میں ایک سال میں حاصل ہونے والی ناکامیاں ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے اور باقی دیگر کام صوبوں پر چھوڑ دے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شجرکاری مہم کا بھرپور طریقے سے آغاز کریں، 3ملین کا ٹارگٹ تھا اب اسے بڑھا کر 40 لاکھ کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے موجودہ حکومت کو نااہل اور نالائق حکومت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی معاشی اور انتظامی پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔