لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد(خصوصی رپورٹر،سپیشل رپورٹر،جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف میں آزاد صوبائی و قومی اسمبلی کے ارکان کی شمولیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔قومی اسمبلی کے آزاد نومنتخب رکن اسمبلی عاصم نذیر ،سردار خرم لغاری ،تیمورخان،تیمور لالی اور محمد اسلم بھروانہ نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے آزاد امید وار عاصم نذیر، مظفر گڑھ کے سردار خرم لغاری، جھنگ سے تیمور خان اور تیمور لالی جبکہ پی پی 127 کے محمد اسلم بھروانہ نے بدھ کو بنی گالا میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور اس موقع پر تمام رہنماؤں نے عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی تعمیر میں ہاتھ بٹانے کے عزم کے ساتھ عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ادھر عمران کی زیرصدارت بنی گالہ میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے امیدواروں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی ، چودھری سرور، شفقت محمود، نعیم الحق اور دیگر رہنما شریک ہوئے ، اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی، پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے پارٹی قیادت کو آزاد امیدواروں کے ساتھ جاری رابطوں میں پیش رفت سے آگاہ کیا تاہم صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے نام فائنل نہ ہوسکے ۔اجلاس میں اس بات کابھی فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان آئندہ ہفتے ایوان صدر میں سادہ اور پروقار تقریب میں وزیر اعظم کا حلف اٹھائیں گے ۔اقتدار میں آتے ہی عوام کو فراہم کئے جانے والے فوری ریلیف کے حوالے سے تبادلہ کیاگیا ،تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعا ت نعیم الحق کا کہنا ہے کہ آج وزرائے اعلیٰ کے ناموں کا فیصلہ ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلے پنجاب پھر خیبرپختونخوا کے وزیراعلی کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا،نمبر گیم پر بات کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بات چل رہی ہے ،اختر مینگل گروپ کی شمولیت سے وفاق میں ہمارے نمبر پورے ہو جائیں گے ۔بعدازاں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور انکو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔دونوں کی درمیان دو طرفہ باہمی دلچسپی اورسیاسی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے عمران خان کی قیادت میں پاکستان برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری اور قربت اور عمران خان کی قیادت میں ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد کیے گئے عمران خان کے خطاب نے برطانیہ میں نہایت مثبت اثرات چھوڑے ، برطانوی حکومت تحریک انصاف کی حکومت سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے اور منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی وطن واپسی ہمارا عزم ہے ۔قبل ازیں قصور سے منتخب ہو نے والے رکن صوبائی اسمبلی سردار آصف نکئی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے بنی گالہ میں تفصیلی ملاقات کی ۔