لاہور (میاں رئوف )عمر اکمل واقعہ کے بعدوفاقی حکومت متحرک ہوگئی اور پی ایس ایل سیزن 5 میں میں سٹہ لگانے والوں کے خلاف شکنجہ تیارکرلیا گیا، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کو اہم ٹاسک سونپ دیا، ذرائع نے بتایا ہمسایہ ملک بھارت سمیت دیگر ممالک کی جانب سے پی ایس ایل کے خلاف ہر ممکنہ سازش کو ناکام بنانے کے لئے وفاقی حکومت متحرک ہو گئی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بیٹسمین عمر اکمل کی مشکوک افراد کے ساتھ ملاقاتوں پر انہیں معطل کرنے کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کوہدایت کردی کہ وہ اداروں کو متحرک کریں، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ، پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے سپیشل برانچ اور دیگر کو آن بورڈ لے کر سٹہ کرنے والوں، بک چلانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کریں، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس وفاقی حکومت کوارسال کریں، پاکستان سپر لیگ کے اختتام تک دبئی، بھارت، متحدہ عرب امارات، لندن، جنوبی افریقہ وغیرہ میں کی جانے والی اور وہاں سے آنے والی فون کالز کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے ، ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز کی رہائشگاہوں ، ان کی نقل و حمل کو بھی مانیٹر کرنے کا کہا گیا۔ اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے میں پاکستان سُپر لیگ کرپشن کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، کرکٹ بورڈ میں 120 ارب سے زائد کی کرپشن کے کیس میں لاہور ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہے ،تحقیقات انسپکٹر علی عباس سے اسسٹنٹ ڈائیریکٹر بلال طارق کو سُونپ دی گئی ،مُدعی جاوید بدر نے کہا بلال طارق نوجوان ایماندار آفیسر ہیں اُن پر اعتماد ہے ، انہوں نے کہا ایف آئی اے نے پی سی بی کو تین دفعہ خط لکھا جس کا ایک بھی مُثبت جواب نا آیا ،کرکٹ بورڈ کے اور کُچھ حکومتی ارکان کرپشن کیس کو دبانا چاہ رہے ہیں، وزیراعظم دلچسپی نہیں لے رہے ، ایف آئی اے کو اب پی سی بی کے خلاف پرچہ درج کرنا ہوگا ،کیا وجہ ہے احسان مانی کرپشن قوم کے سامنے نہیں لارہے ۔