اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم وچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی منظوری سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبوں میں تحریک انصاف کی تنظیموں کوتحلیل کردیا گیا ۔جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے اوورسیز اور ملک بھر میں نئے ریجنزتشکیل دیدیئے گئے ، تنظیموں کی تحلیل کے بعد تحریک انصاف کواسلام آباد میں تین تنظیمی یونٹس جبکہ چاروں صوبوں کو چار چار ریجنز میں تقسیم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد تحریک انصاف کی وفاقی وصوبائی تنظیمیں تحلیل کردی گئیں ،تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے اس سلسلے میں باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جبکہ صوبائی ڈھانچے کی تحلیل کیساتھ ہی ملک بھر میں ریجنز کی تشکیل کا بھی اعلان کردیا گیا ۔ سیکرٹری جنرل کی جانب سے ریجنز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کو شمالی، مرکزی، مغربی اور جنوبی ریجنز میں تقسیم کیا گیاہے ۔سندھ کیلئے سکھر، حیدر آباد، کراچی اور نواب شاہ ریجنز قائم کئے ہیں۔صوبہ خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور جنوبی خیبرپختونخوا ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کیلئے شمالی، مرکزی، مغربی اور جنوبی ریجنز کی تشکیل کا اعلان کیاگیا ہے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد 3 تنظیمی یونٹس پر مشتمل ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تحریک انصاف اوورسیز کاڈھانچہ5 ریجنز پر مشتمل ہوگاجوامریکی، یورپی، ایشیائی، آسٹریلوی اور افریقی ریجنز ہونگے ، ہر ریجن کا الگ سیکرٹری مقرر کیا جائے گا۔