لاہور(جنرل رپورٹر)پیرامیڈکس پنجاب کا مشترکہ مشاورتی اجلاس منعقدہوا جس میں ملک منیر احمد ، چودھری احسان اﷲ سدھو اور انکی ٹیم ، امجد سندھو اور انکی ٹیم ، محمد بن ثناء اﷲ سمیت سینئر نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔ 29جنوری کوبالمقابل پنجاب اسمبلی مال روڈ پر ایک روزہ علامتی احتجاج کی کال پر ملکر ساتھ دینے کیلئے مشترکہ ایجنڈے پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔پنجاب بھر سے تمام پیرامیڈکس کو احتجاج میں شامل ہونے کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ احتجاج کو کامیاب کرنے کیلئے اپیل کی گئی اجلاس میں یہ بھی مشترکہ فیصلہ ہوا ہے کہ پیرامیڈکس کے تمام دھڑے مشترکہ تمام مسائل کے حل تک صوبائی اور وفاقی سطح پر ایک مٹھی بن کر کام کرینگے ۔ اسکے لئے فورا مشترکہ کمیٹی بنائی جائیگی جو احتجاج کے تمام مقاصد کے حصول کیلئے ملکر مشاورت سے لائحہ عمل تشکیل دیگی ۔