اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 15روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر کے مہنگائی کے ہاتھوں ستائے ہوئے عوام کو ایک اچھا ریلیف فراہم کیا تھا لیکن گذشتہ چند دنوں میں ڈالر آٹھ روپے سے زائد مہنگا ہو گیا جس نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں پر پانی پھیر دیاہے لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے ۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ کئی صنعتیں اپنی پیداواری سرگرمیوں کیلئے تقریبا 70فیصد میٹریل باہر سے امپورٹ کرتی ہیں لیکن ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے ان صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کئی گنااضافہ ہو جائے گا جس سے نہ صرف عوام کیلئے مہنگائی بڑھے گی بلکہ ہماری ایکسپورٹ مزید مہنگی ہونے کی وجہ سے ان میں کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کی وجہ سے پہلے ہی صنعتی و تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہو گئی ہیں ان حالات میں ڈالر مہنگا ہونے سے کاروباری طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کے جو آرڈرز تکمیل کے مراحل میں ہیں ان کو اب ڈالر کے نئے ریٹ پر ادائیگیاں کرنا پڑیں گی جس سے کاروباری لاگت کافی بڑھ جائے گی۔