اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ نے لاہور کے نجی ہسپتال میں تین سالہ بچی کی ہلاکت کا مقدمہ نمٹا دیاہے ۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بچی کے ورثا کو معاوضہ کی ادائیگی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانی پر معاملہ نمٹایا۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے نجی ہسپتالوں کی حالت زار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا خیال نہیں رکھا جاتا،لوگوں سے پیسے لیتے ہیں لیکن علاج نہیں کرتے ۔چیف جسٹس نے کہا ڈاکٹرز کی غفلت سے مریض مر جاتے ہیں،ہسپتالوں کو غفلت پر 10 سے 20ملین روپے لواحقین کو دینا پڑے تو پتا چلے گا، میں بھی بغیر پروٹوکول کے کسی ہسپتال چلا جائوں تو کوئی نہیں پوچھے گا، نجی ہسپتالوں کا یہ حال ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کراچی کے نیشنل ہسپتال کا امل عمر کا معاملہ بھی بہت سنجیدہ تھا، کراچی میں بھی بچی کا کیس تھا لاہور میں بھی بچی کا کیس ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بچی کے ورثا کو نجی اسپتال نے معاوضہ ادا کر دیا جبکہ عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مطابق نجی ہسپتالوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے ۔علاوہ ازیں عدالت عظمٰی نے گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج سیس کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایک بار پھر متعلقہ افسران کی طرف سے معاونت نہ ملنے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ بنچ سربراہ جسٹس مشیر عالم نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کیس میں معاونت نہیں مل رہی ہر افسر اپنی کہانی بیان کر رہا ہے ، ٹیکس کا پیسہ ہے تاخیر سے خرچ دوگنا ہو جائے گا۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا انٹر سٹیٹ گیس کہہ رہی ہے پیسے نہیں مل رہے فنانس والے کہہ رہے ہیں پیسے مانگے گئے تورقم جاری کر دیں گے ، قومی اہمیت کے منصوبوں کا یہ حال ہے ۔اٹارنی جنرل نے کہا عدالت مہلت دے تو تمام معاملات کا خود جائزہ لوں گا۔انھوں نے کہا ٹاپی منصوبہ 2023 میں مکمل ہو جائے گا، تاخیر کی وجہ افغانستا ن کی صورتحال تھی لیکن اب طالبان نے اپنی ویب سائٹ پر بھی ٹاپی منصوبے کی حمایت کر دی ہے ۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا منصوبے بروقت مکمل ہو تو اسی بجٹ میں مکمل بھی ہو جا ئے گا۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا نارتھ ساوتھ منصوبہ تو ملکی منصوبہ ہے جس پر اٹارنی جنرل نے کہا روسی کمپنی پر پابندیاں لگ گئیں اب نارتھ ساوتھ منصوبے کیلئے نئی کمپنی سے گفت و شنید جلد مکمل ہو جائے گی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عدالت عملی اقدمات دیکھنا چا ہتی ہیں۔مزید سماعت آج بدھ تک ملتوی کردی گئی۔