لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ مہارت، خسارے میں کمی ،تربیت یافتہ افرادی قوت اور نئے منافع بخش راستوں کے سفر کے آغاز سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کو منافع بخش قومی ادارہ بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ڈسٹرکٹ مینیجر سلیم اﷲ خان شاہانی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد ، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر عاقب آصف اور پی آئی اے کے اسسٹنٹ پیسنجرز سیلز مینیجر محمد زمان خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ صدر لاہو رچیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پی آئی اے پاکستان کی شناخت ہے ،تاہم اسے مثالی اور منا فع بخش بنانے کیلئے جدید تقاضوں پر استوار کرنا نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن دنیا کی اہم ترین عالمی صنعتوں میں سے ایک ہے جو ممالک کے مابین افرادی ، ثقافتی ، کاروبار ی روابط قائم کرنے اور سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔ ایئرلائن انڈسٹری کا معیشت اور روزگار کی فراہمی میں کردار بہت اہم ہے ، عالمی سطح پر یہ شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پی آئی اے میں اصلاحات دیکھنے میں آرہی ہیں، مگر اب بھی بہت سے مسائل پر قابو پانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انجینئرنگ کے شعبے میں خصوصی توجہ دے رہا ہے اوراب ملک کے کئی شہروں میں طیاروں کی دیکھ بھال کا کام کیا جاتا ہے ،جوکہ بہت اچھی بات ہے ۔