کراچی(وقاص باقر92نیوز)سندھ اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کے بعد پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت کے لیے ایک اورمشکل سر اٹھارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق سیاسی تناؤ کو بھانپتے ہوئے پیپلزپارٹی کے کئی بااثر رہنماؤں نے سندھ کابینہ میں شمولیت کے لیے لابنگ شروع کردی جبکہ کئی وزرا من پسندمحکموں کے حصول کے لیے پارٹی قیادت پر دباؤ بڑھارہے ہیں۔ کارکردگی کی بنیاد پر بھی سندھ کابینہ کے بعض وزرا سے وزارتیں واپس لینے پر غور کیاجارہاہے ۔سندھ میں پیپلزپارٹی کے سابق وموجودہ وزرا کے خلاف نیب انکوائریز اور گرفتاریوں میں تیزی اور سیاسی وپارلیمانی صورتحال میں تبدیلی کی اطلاعات نے جیالوں کی اعلیٰ قیادت کو مختلف مسائل میں الجھا کررکھ دیا ہے ۔ پیپلزپارٹی کے اپنے ناراض اور کنارہ کش ارکان اسمبلی اور سرکردہ رہنما موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی پارٹی قیادت پر دباؤ بڑھارہے ہیں۔