اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اعظم کی معا ون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کشمیریوں کے ترجمان اور سفیر بن کر دنیا بھر میں مقدمہ لڑ رہے ہیں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا 27اکتوبر کو قومی یکجہتی کا پیغام دینا ہے ،انتشار اور فساد کا نہیں،نیشنل ایکشن پلان کے تحت ٹی او آرز ترتیب دئیے گئے ،تمام سٹیک ہولڈرز بشمول پیمرا کو بھی وہ ٹی او آر فراہم ہیں،نیشنل ایکشن پلان قومی سلامتی سے جڑا متفقہ لائحہ عمل ہے ،پیمرا کو آج کسی حکومت کی ہدایت کی ضرورت نہیں بلکہ وہ انہیں اتفاق شدہ نکات پر خود عمل کر رہا ہے ،جتھوں اور لشکر کشی کے متعلق نیشنل ایکشن پلان کے نکات واضح ہیں۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ ایران کے بعد سعودی قیادت کا خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیراعظم پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہنا عمران خان کو بطور رہبرِ امت مسلمہ ممتاز کرتا ہے ۔