ٹوکیو( ویب ڈیسک) دنیا میں بہت سے لوگ اس صلاحیت کے مالک ہوتے ہیں کہ وہ کسی بھی چیز کو دیکھ کر پینٹنگ یا سکیچنگ کے ذریعے اسے حقیقت سے قریب تر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کافی لوگ اس کوشش میں کامیاب بھی ہوتے ہیں اور شاندار صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں۔ بالکل اسی طرح جاپان کے کوہی اوہموری نامی نوجوان آرٹسٹ کاغذ پر پینسل کے ذریعے اپنی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی چیز کا ایسا سکیچ تیار کرتے ہیں کہ اس کو دیکھنے والا کوئی بھی شخص دنگ رہ جاتا ہے ۔ یہ جاپانی فنکار میٹل یعنی دھات سے بنی ہوئی اشیاء (جس میں رسٹ واچ، سافٹ ڈرنکس کین وغیرہ شامل ہیں) کے تھری ڈی (تھری ڈائمنشنل) سکیچ پینسل کی مدد سے تیار کرتے ہیں۔25 سالہ نوجوان آرٹسٹ اپنے ایک اسکیچ کو مکمل کرنے میں سینکڑوں گھنٹے گزار دیتے ہیں جس کے بعد بلآخر ہاتھوں سے بنایا جانے والا اسکیچ اصل چیز کی تصویر کی مانند لگتا ہے ۔ کوہی اوہموری سب سے پہلے ایک سافٹ ڈرنک کے کین کی تصویر بنا کر 2017 میں دنیا بھر میں مشہور ہوئے تھے ۔جاپانی فنکار نے ایک نٹ بولٹ کا سکیچ بنایا جسے دیکھ کر کوئی اس بات کا یقین نہیں کر سکتا کہ اسے پینسل سے بنایا گیا ہے ، ان کے بھائی نے بتایا کہ انہیں اس سکیچ کو مکمل کرنے میں 280 گھنٹے لگے تھے ۔