لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کا عہدہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کے عوض پنجاب میں 3 وزارتیں، 2 معاون خصوصی، قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ اور 2 پارلیمانی سیکرٹری، اہم اداروں اور کارپوریشنز میں کلیدی عہدوں پر تقرریاں مانگ لیں جبکہ پنجاب کے نئے گورنر کیلئے بلیغ الرحمان کا نام فائنل ہوگیا، وزیراعظم آفس نے سمری صدر مملکت کو بھیج دی ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی تصدیق کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کو سینئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ ممکنہ وزرا میں سید حیدر علی گیلانی، مخدوم سید عثمان محمود، ممتاز علی چانگ کے نام شامل ہیں۔اس کے علاوہ شازیہ عابد، غضنفر عباس لنگا، رئیس نبیل کو پارلیمانی سیکرٹری اور چیئرمین پارلیمانی پارٹی بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ کو معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے ۔