ملتان ( خبرنگار)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نیت صاف ہے پاکستان کو آگے لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان اور عوام کی بہتری کیلئے سوچتے ہیں۔پاکستان کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ قوم کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے ۔عوامی امنگوں کے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔ جس میں پاکستان کا مفاد سب سے برتر ہوگا۔ پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند کریں گے ۔ انشاء اﷲ قوم کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ ملتان میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے مل کر ملک لوٹا ۔ احتساب کا وقت آیا تو دونوں جماعتوں نے شور مچانا شروع کردیا۔ حکومت نے نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی آفر کی۔ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت سے سابقہ ادوار کی لوٹ مار کا حساب مانگا گیا تو بلاول کو عوام کا خیال آگیا۔ سندھ میں ایک طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ۔ کراچی کے حالات قوم کے سامنے ہیں۔ کراچی میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔ ملکی تاریح میں پہلی دفعہ تھر میں وزیراعظم تشریف لے گئے ۔