کراچی(سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے سینئر رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی میں روز دھڑے بنتے جارہے ہیں ۔جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے کوئی پیمپر باندھ رہا ہے تو کوئی ملک سے بھاگ رہا ہے ، اب تو شیرنی بھی بھاگنے لگی ہے ۔گزشتہ روزوہ انصاف ہاؤس میں سیکرٹری اطلاعات و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی، رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما سلیم سچوانی نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ سندھ میں کرپشن پنجاب سے زیادہ ہے ۔ سندھ بینک کا دیوالیہ نکال کر سندھ کو کھوکھلا کر دیا گیا ہے ۔ہم مراد شاہ کو نامراد نہیں کہتے یہاں تو پورا صوبہ ہی انہوں نے نامراد کردیا ہے ، 18 ویں ترمیم کے بعد کراچی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے ،چیف جسٹس گلزار احمد نے انہیں موسٹ کرپٹ کا لقب دیا ہے اب انکے گھبرانے کی باری آنیوالی ہے ۔مراد شاہ جیسا ناکام اور کرپٹ آدمی کوئی نہیں ۔ وزیر اعظم کے بیان کے بعد بلاول بلبلا اٹھے ہیں۔ بلاول اگر شیر ہوتا تو ڈیزل کے نیچے نہیں لگتا ۔بلاول مارچ پر مارچ کررہے تھے ، دلیر ہوتے تو سب الزامات کے جواب دیتے ۔ ہم جانتے ہیں کہ آغا سراج درانی غدار ہیں ہم پی پی کے فاروڈ بلاک کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں ۔