لاہور(خبرنگارخصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب پارلیمانی پارٹی کا وڈیو لنک اجلاس سید حسن مرتضی کی زیر صدات ہواجس میں چین سے آئے امدادی سامان میں سے پنجاب کو حصہ دینے پروزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا شکریہ ادااور بلاول بھٹو کی قیادت میں حکومت سندھ کو مثالی کردار پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔اجلاس میں قرارداد کے ذریعے کرونا سے لڑتے شہید ڈاکٹر اسامہ کو سلام پیس کیا گیااوروزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ۔ سید حسن مرتضی نے کہاکرونا سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی میں سب سے بڑی رکاوٹ وزیراعظم عمران خان ہیں۔حکومت پنجاب غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے ، وزیر اعظم عمران خان کو چھٹی پر چلے جانا چاہئے ، کرونا کے خلاف حکومت پنجاب کے ہر اقدام کی حمایت کرینگے ،حکومت پنجاب خود عوام کو ریلیف پیکیج دے اور امدادی کاموں اور راشن کی تقسیم میں اپوزیشن ارکان کو بھی آن بورڈ لیا جائے ،عمران خان بتائیں ایک خاندان 3 ہزار میں کیسے گذارا کرے گا ،ہر مستحق خاندان کی ماہانہ 18 ہزار مالی معاونت کی جائے ۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والے پی پی رکن غضنفر لنگاہ بھی ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔حسن مرتضی نے بتایا غضفر لنگاہ نے بتایا وہ اپنے کسی کام کے سلسلہ میں وزیر اعلی سے ملنے گئے تھے جہاں ان کی تصویر بنالی گئی، انہوں نے وزیر اعلی سے ملاقات پر معذر ت کرلی جوقبول کرلی ہے ۔