ملتان (سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی میرا مشن ہے ،بجٹ میں ریلیف ملے گا،پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکی ،اس کا کوئی مستقبل نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 213 کے ایم پی اے بیرسٹر وسیم خان باروز ئی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کے دوران کیا جس میں عامر باروزئی،جاوید باروزئی،میجر(ر) طارق خان،سابق ناظم آصف جانگلہ، مظہر عباس گردیزی،ملک اکرم چاون،حاجی مشتاق انصاری،ملک قاسم کھوکھر، اعجاز کھوکھر،ملک ربنواز درانہ،راؤناصر،رانا فرخ،ڈاکٹر پرویزو دیگر نے شرکت کی۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے پاکستان صف اول کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کررہا ہے اسی لئے اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے ۔ایک اور تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ لوگ ایم این اے اور وزیر بننا چاہتے ہیں تاہم میں ان لالچوں سے بالا تر ہوگیا ہوں،2023کے الیکشن میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی، یہ میری پیشین گوئی ہے سب لکھ لیں۔ انہوں نے کہاکہ 36سال مسلسل سیاست کی اور اپنا دامن صاف رکھا جب کہ لوگ ایم این اے اور وزیر بننا چاہتے ہیں تاہم میں ان لالچوں سے بالا تر ہوں، اب سیاست صرف بڑے مقصد کے لیے کروں گا، ذاتی مفاد کے لیے سیاست نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی میں عمران خان کی حیثیت پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ہے ، عمران خان جب شوکت خانم اور نمل کے لیے نکلے تو انہیں پتہ چلا کہ لوگ گلے سڑے نظام سے تنگ آچکے ہیں۔ ایک دورتھا جب عمران خان کی پارٹی کا ٹکٹ کوئی نہیں لیتا تھا جبکہ 2023ء کے الیکشن میں بھی اونٹ اسی کروٹ بیٹھے گا۔