اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں واضح حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کا مقصد چین کے صدر شی جن پنگ کے آئندہ دورہ پاکستان کیلئے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا جو جلد متوقع ہے ۔ یہ ملاقات وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان چین کے صدر کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے ۔ ڈاکٹر عبدالحفیط شیخ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے ۔ چین کے صدر کا پاکستان میں عزت و احترام کے ساتھ بھرپور خیر مقدم کر ینگے ۔ انہوں نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں بھرپور اور واضح حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور دیگر برادر ممالک نے پورے عمل میں پاکستان کے فریم ورک کو بہتر بنانے کی کوششوں میں ہمارے ساتھ بھرپورتعاون کیا۔ وزیر اعظم کے مشیر نے چین میں کرونا وائرس سے اموات پر سفیر کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ چین کے سفیر نے کہا کہ چین کے عوام کیلئے یہ مشکل وقت ہے تاہم چین کی حکومت عزم کے ساتھ اس وباء سے نبردآزما ہے اور اس پر جلد قابو پا لیا جائیگا۔ انہوں نے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی اور ساتھ دینے پر پاکستان کی حکومت اورعوام کاشکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ سے متعلق صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ اس منصوبہ پر پیشرفت جاری ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور فریقین نے اقتصادی تعاون میں اضافہ پر اتفاق کیا۔