بیجنگ(ویب ڈیسک) چین کے ایک ہسپتال میں دردِ سر اور جھٹکوں کی شکایت پر داخل ہونے والے شخص کے دماغ، پھیپھڑوں اور جسم کے دیگر حصوں میں سیکڑوں کیچوے دریافت ہوئے ہیں۔ 43 سالہ زو زونگ فو کا تعلق مشرقی چین کے ایک شہر سے بتایا جارہا ہے جس نے شکایت کی کہ گزشتہ ایک ماہ سے اس کے سر میں شدید درد ہے اور اسے غنودگی کے دورے پڑ رہے ہیں۔ اس نے تنگ آکر زیجن یانگ یونیورسٹی سے ملحق ایک ہسپتال سے رابطہ کیا۔ہسپتال میں ڈاکٹر وینگ جینانگ رونگ نے ان کا بغور جائزہ لیا اور بعض ٹیسٹ کے بعد کہا کہ وہ ان کے جسم میں لگ بھگ 700 کیڑے ہیں جو دماغی جوف، پھیپھڑوں اورآنتوں وغیرہ میں سرایت کرچکے ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ اس مریض کو ٹیانائسس کا مرض لاحق ہے جو کیچوے کے انڈے پیٹ میں جانے کے بعد جسم کے اندر کیڑوں کی افزائش کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر وینگ نے بتایا کہ کیڑے مریض کے اعضا کو نقصان پہنچارہے ہیں اور کیچووں کی بڑی تعداد سینے کے اطراف اور پسلیوں میں بھی بھر چکی تھی۔ڈاکٹروں کے مطابق مریض گوشت کھانے کا شوقین ہے اور اس نے خنزیر کا کچا پکا گوشت کھایا ہے جس سے کیچوے کے انڈے اس کے بدن میں پہنچے اور وہاں انڈوں سے کیڑے برآمد ہوئے ۔