کراچی(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتوں کی تشکیل میں اسٹیبلشمنٹ کے کردارکاخاتمہ چاہتے ہیں،حکومت کے اے ٹی ایمزسینٹ الیکشن ہائی جیک کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ،شوآف ہینڈ یا اوپن بیلٹ کامعاملہ عدالت نہیں پارلیمان میں طے ہوگا،شوآف ہینڈ پرچھوٹی جماعتوں اورچھوٹے صوبوں کوتحفظات ہیں،پی ٹی آئی حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں، وزیر اعظم استعفی دیں، بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے غریب دشمن پالیسی اپنائی ہوئی ہے ،بدترین مہنگائی میں سٹیل ملزکے 10ہزارملازمین کوبے روزگارکردیا ہے ،نالائق اورنااہل حکومت کو معلوم ہی نہیں ہے کہ عام آدمی کن مشکلات کاسامنا کررہاہے ،حکومت نے سندھ کے ہسپتالوں کوزبردستی ضبط کرنے کاآرڈیننس نکالا ہے جو عدالتی فیصلے کے بھی منافی ہے ،آج ملک میں مہنگائی افغانستان اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہے ،ناجائز وزیراعظم کی وجہ سے پورا پاکستان بلیک آؤٹ ہو جاتا ہے ۔ ملائیشیامیں پی آئی اے کے طیارے کو تحویل میں لیا گیا کیونکہ لیز کی ادائیگی نہیں کی گئی، آٹا چینی چوروں کو جو این آراودیاگیاہے اس پر سوائے کمیشن کے کچھ نہیں بنے گا، مردم شماری ، سمندری جزائز اور دیگرمسائل پرمجھے پی ایس پی اورجماعت اسلامی نظرہی نہیں آتے ، فارن فنڈنگ کیس پر ہم قانون کے مطابق چل رہے ہیں ، چارٹر آف ڈیموکریسی کیلئے ہرفورم پربیٹھنے کوتیارہیں، بلاول سے ہفتہ کو پی پی پی کے رکنِ قومی اسمبلی سید نویدقمرنے ملاقات کی۔ بلاول نے کہا پی ڈی ایم کی تحریک پاکستان میں آئین و پارلیمان کی سربلندی اور قانون کی حکمرانی کے لئے ہے ۔